رانچی،6؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مرکزی سماجی انصاف اور تفویض اختیار وزیر مملکت رام داس اٹھاؤلے نے آج یہاں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے اشارے پر کشمیر نہیں چلے گا بلکہ کشمیر چلے گا تو ہندوستان کے ساتھ چلے گا،ساتھ ہی انہوں نے علیحدگی پسندوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کشمیر دورے پر گئے کل جماعتی وفد سے ان کا ملنے سے انکار کرنا اچھی بات نہیں ہے۔جھارکھنڈ میں ’’سگمی بھارت ابھیان‘‘کا آج محکمہ کے مرکزی وزیر تھاورچند گہلوت اور وزیر اعلی رگھوور داس کے ساتھ شروع کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں اٹھاؤلے نے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اشارے پر کشمیر نہیں چلے گا، بلکہ کشمیر چلے گا ہندوستان کے ساتھ۔مرکزی سماجی انصاف اور تفویض اختیار وزیر مملکت نے کہا کہ انگریزوں کے خلاف جنگ سے ہندوستان آزاد ہوا اور کشمیر ہندوستان کا حصہ بنا،لہذا کشمیر کے الگ ہونے کا سوال ہی نہیں اٹھتا ہے۔اٹھاولے نے کہاکہ کل جماعتی وفد کے ساتھ علیحدگی پسندوں کو ملنے سے انکار کرنا اچھی بات نہیں ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ وفد کے کچھ ارکان کا الگ سے علیحدگی پسندوں کے گھر جانے کا فیصلہ کتنا مناسب تھا؟ اٹھاولے نے کہا کہ کل جماعتی وفد کے لوگوں نے اگر ان کے جذبے کو سمجھنے کی کوشش کی تو اس میں کوئی بہت غلط بات نہیں ہے لیکن علیحدگی پسندوں کا وفد کے لوگوں کو لوٹا دینا اچھی بات نہیں ہے۔